رینجرز مقابلے میں ہلاک گینگ وار کے5 کارندوں کی شناخت

15 مارچ 2018

کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں مارے جانے والے لیاری گینگ وار کے پانچوں کارندوں کی شناخت ہوگئی جبکہ رینجرز نے مقابلے کے بعد بدھ کو علی الصباح اورپھر تمام دن جاری رہنے وا لے سرچ آپریشن کے دوران 50سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا لیاری کے علاقے علی محمد محلے ذکری پاڑہ میں منگل کی شب گشت کرنے والے رینجرز اہلکاروں پردستی بم اور آوان بم سے حملہ کرنے کے علاوہ فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں رینجرز کا ایک سپاہی فواد شہید اور تین رینجرز اہلکار محمد بوٹا‘سیف اللہ اور عبدالرب زخمی ہوگئے تھے جبکہ رینجرز کی فوری جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا تھا اوربعد میں رات گئے کئے جانے والے آپریشن کے دوران مزید چار ملزمان بھی ہلاک ہوئے تھے جن کے قبضے سے چار کلاشنکوفوں اورنائن ایم ایم پستول کے علاوہ آوان بم اوردستی بم برآمد ہوئے تھے پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت چاکرعلی‘ مہر علی‘ عامر علی عرف پانڈے‘عمیر علی اورعامر کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق مبینہ طورپر گینگ وار کے زاہد لاڈلا اورشیراز ذکری گروپ سے ہے گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ان ملزمان کی ہلاکت کے بعد رینجرز کی بھاری نفری نے علی محمد محلے اور ذکری پاڑہ کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا اورگھر گھر تلاشی کے بعد 50سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے ان مشتبہ افراد کو لیاری کے مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
رینجرز مقابلہ/ شناخت