کراچی کے علاقے سعیدآباد میں پولیس ٹریننگ سینٹر کے سامنے ایک ریسٹورنٹ پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جس کی زد میں آکر دو افراد زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق کریکر حملہ بھتے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ادھراورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، گلشن اقبال تیرا ڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چالیس سالہ مرجان نامی خاتون جاں بحق ہوگئیں، لانڈھی چھتیس بی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت اکرم کے نام سے کی گئی ہے، ماڑی پور میں پرانا ٹرک اڈے کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، ملیر پندرہ میں فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان کا گن مین اے ایس آئی ممتاز جونیجو زخمی ہوگیا، جسے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، دوسری جانب رینجرز نے ملیر کھوکھرپار، سہراب گوٹھ، غریب آباد اور یوسف گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بیس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا۔ چنیسر گوٹھ میں بھی پولیس نے کارروائی کے دوران سنگین وارداتوں میں مطلوب تین ملزموں کو گرفتار کر کے ہتھیار اور منشیات برآمد کرلی۔ مبینہ ٹاون میں پولیس پرحملے میں ملوث ملزم علی عرف کریکر کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے،سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب ہوٹل پر کریکر حملے میں دو افراد زخمی ہوئے
Mar 15, 2013 | 21:49