کمسن بچی سے زیادتی‘ قتل کے ملزم کو دو بار سزائے موت و جرمانہ
لاہور (اپنے نامہ نگارسے) ایڈیشنل سیشن جج وسیم الرحمن خاکوانی نے 8سالہ کمسن بچی کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے گلے میں پھندہ ڈال کر قتل کرکے لاش پلاٹ میں پھینکنے والے مجرم کے خلاف جرم ثابت ہونے پراسے 2 مرتبہ سزائے موت و اڑھائی لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ہے جبکہ عدم آدائیگی پر اسے مزید 12ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ استغاثہ کے مطابق مجرم عثمان عرف اسامہ نے 2009ءمیں اپنے ہمسائے دونوں ٹانگوں سے معذور شخص کی کم سن بیٹی ماہم عرف سونو کو بہلا پھسلا کر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا بعدازاں ملزم نے مقتولہ کی شلوارسے اسے گلے میں پھند ا ڈال کر قتل کرنے کے بعد لاش کو قریب واقع پلاٹ میں پھینک دیا تھا۔ پولیس نے مقتولہ ماہم کے والد کی مدعیت میں مذکورہ ملزم کے خلاف مقدمہ تھانہ گرین ٹاﺅن میں درج کرکے اسے گرفتار کرنے کے بعد تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں جمع کروا دیا تھا۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد کمسن بچی سے زیادتی اور اسے قتل کرنے کے ٹھوس شواہد ملنے پر اسے 2 بار سزائے موت و اڑھائی لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔