انٹرمیڈیٹ کا آن لائن داخلہ سسٹم، لاہورہائیکورٹ کا چیئرمین پنجاب بورڈز کمیٹی اور چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور سے جواب طلب کرلیا۔
انٹرمیڈیٹ کے آن لائن داخلہ سسٹم کو لاہور ہائیکورٹ میں محمد محمود بھٹی ایڈووکیٹ نے چیلنج کیا تھا جس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے کی۔ دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے درخواست گزارنے کہا کہ مینول سسٹم کو فوری بند کرکے آن لائن فارم وصول کرنا جوڈیشل کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے اپنی سفارشات میں واضح طور پر کہا ہے کہ آن لائن سسٹم کی خامیاں دور ہونے تک مینول سسٹم کو بھی ساتھ چلایا جائے۔ دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے چیئرمین پنجاب بورڈز کمیٹی اور چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور سے جواب طلب کرتے ہوئےسماعت اکیس مارچ تک ملتوی کردی۔