سی ڈی اے نے آئندہ مالی سال کیلئے 27ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا
اسلام آباد(وقائع نگار) وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے ) نے آئندہ مالی سال کے لیے 27ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا ہے بجٹ میں فیصل ایونیو سیکٹر جی سیون اورجی ایٹ اور سیکٹر ایف سیون و ایف ایٹ پر دو انڈرپاسز کی تعمیر ، برمل پل کی تعمیر سی ڈی اے ہسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر کے لیے رقوم مختص کی گئی ہیں سی ڈی اے کے بجٹ میں 10ارب 80کروڑ رپے ترقیاتی کاموں کی مد میں رکھے گئے ہیں 12ارب روپے تنخواہوں و پنشن کی مد میں رکھے گئے ہیں جبکہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہوں و دیگر کاموں کے لیے 3ارب روپے مختص کیے گئے ہیں سی ڈی اے کو آئندہ سال کے بجٹ میں پی ایس ڈی پی میں مختلف منصوبوں کے لیے 79کروڑ روپے سی ڈی اے کو دئیے گئے ہیں سی ڈی اے نے آئندہ سال میں 16ارب روپے پلاٹوں کی نیلامی سے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے واضح رہے کہ سی ڈی اے نے گزشتہ سال 40ارب 50کروڑ روپے کا بجٹ منظور کیا تھا تاہم رواں سال کے لیے سی ڈی اے نے اپنے اخراجات میں کمی کی ہے سی ڈی اے بورڈ نے گزشتہ روز اپنے اجلاس میں اس بجٹ کی منظور ی دے دی ہے بورڈ سے منظور ی کے بعد بجٹ وفاقی حکومت کو ارسال کیا جاتا ہے جہاں سے منظوری کے بعد سی ڈی اے اس پر عمل درآمد کرتا ہے ۔