سپریم کورٹ ؛ چکوال میں سیمنٹ فیکٹریز رعایت کیس ، اینٹی کرپشن کے افسران پر اظہار برہمی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے چکوال میں سیمنٹ فیکٹریز کو خلاف قانون رعایت دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران محکمہ اینٹی کرپشن کے افسران پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتیشی افسران درست انداز میں تحقیقات کریں ، تین رکنی بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے جسٹس شیخ عظمت سعید کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن والوں کو یہ بھی علم نہیں کہ ایف آئی آر میں کیا لکھا ہے؟بتائیں ایف آئی آر پر کیا پیشرفت ہوئی؟اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کے مطابق تحقیقات کر رہے ہیں،عدالتی حکم پر ڈی جی خان سیمنٹ کے سی ای او کا نام مقدمہ سے نکالا گیا، حکام نے بتایا کہ سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام میں قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، پٹواری سے سیکرٹری صنعت و پیداوار تک سب ملزم ہیں،اس پر جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ تفتیشی افسران درست انداز میں تحقیقات کریں اگر سی ای او ملوث ہوئے تو عدالتی حکم پر نظرثانی کرینگے، عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے۔