جعلی اکائونٹس کیس: فریال تالپور گرفتار، گھر میں قید
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلز پارٹی کی رہنما اور آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو اسلام آباد کے علاقے ایف ایٹ سے گرفتار کرلیا ہے تاہم انہیں نیب دفتر کی بجائے اپنے گھر میں ہی نظربند رکھا جائے گا۔ نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو وفاقی دارالحکومت سے گرفتار کرلیا ہے۔ فریال تالپور کو ایف ایٹ میں آصف زرداری کے گھر کے سامنے ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ نیب اعلامیے کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں زیر حراست فریال تالپور کے گھر کو ہی سب جیل قرار دیا گیا ہے اور انہیں نیب دفتر کی بجائے اپنے گھر میں ہی نظر بند رکھا جائے گا، اور انہیں آج صبح احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس وقت ڈائریکٹر نیب شیخ شعیب، ڈپٹی ڈائریکٹرز مجتبٰی خان، افشاں بشارت سب جیل رہائش گاہ پر موجود ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور تاحکم ثانی اپنے گھر میں مقید رہیں گی، نیب نے ان کی عزت نفس کا پہلے بھی احترام کیا اور آئندہ بھی اس کا خیال رکھا جائے گا۔ پیر کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے نیب کو دونوں سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی اجازت دی تھی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سب جیل میں فریال تالپور سے ملاقات کی۔فریال تالپور کی گرفتاری پر سندھ اسمبلی میں حکومتی ارکان نے احتجاج کیا پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے ارکان آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی۔ فریال تالپور کے رہائش گاہ پر نیب کی خواتین افسران اور لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات کر دی گئیں ۔ نیب نے فریال تالپور کی گرفتاری سے سپیکر سندھ اسمبلی کو آگاہ کر دیا۔ فریال تالپور کے سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈر تیار کر لیا، سیکرٹری سندھ اسمبلی پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے۔نیب کی حراست میں موجود فریال تالپور کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا۔ ڈاکٹرز نے ان کا شوگر، بلڈ پریشر ٹیسٹ کیا۔ فریال تالپور کا بلڈ پریشر 80/140، شوگر لیول 160 ہے، طبی معائنہ کی رپورٹ نیب حکام کے حوالے کردی گئی۔ نیب حکام کی جانب سے فریال تالپور کی میڈیکل رپورٹ کل عدالت میں پیش کی جائے گی۔