بجٹ اعداد و شمار کی جادو گری نہیں عوام کی فلاح کیلئے ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں نئے مالی سال 2019-20کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ بجٹ تجاویز کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا اور مالیاتی بل 2019ئ، ضمنی بجٹ مالی سال2018-19، مالی سال 2018-19 کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی منظوری دی گئی۔ عثمان بزدار نے بجٹ مرتب کرنے پر صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کے افسروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا مشکل مرحلہ مکمل کیا اور میں اپنی اور کابینہ کی جانب سے پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تحریک انصاف کی حکومت کا بجٹ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے ہے اور اس بجٹ میں عام لوگوں کا احساس کیا گیا ہے۔ مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں اور بجٹ تحریک انصاف کے منشور کے عین مطابق بنایا گیا ہے۔ تمام علاقوں کی پائیدار اور متوازن ترقی کو ترجیح دی گئی ہے۔ سماجی شعبے کی بہتری کیلئے بے مثال اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ پہلی بار ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی ترقی پر خرچ کرنے کیلئے پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں کو ماضی میں بری طرح نظرانداز کیا گیا جبکہ حکومت نے جنوبی پنجاب اور دور دراز علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ بجٹ میں حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے ہیں اور صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیںبلکہ صوبے کے عوام کی پائیدار اور متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویزہے اور پنجاب کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی کی ٹھوس بنیاد رکھی گئی ہے۔ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے لیکن حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے سفر کو آگے بڑھاتی جائے گی۔ بجٹ اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی سے مسلسل رابطہ رہے گا اور ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے میٹنگز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سیکرٹری خزانہ نے صوبائی بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ ارکان نے صوبائی بجٹ کے حوالے سے اپنی آراء بھی پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے بجٹ دستاویزات پر دستخط بھی کئے۔ عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی۔ عثمان بزدار سے فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو متوازن اور بہترین بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مشکل اقتصادی صورتحال کے باوجود حکومت پنجاب کا بجٹ ہر لحاظ سے قابل تحسین ہے اور پنجاب سردار عثمان بزدار کی وزارت اعلیٰ میں حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔