کراچی مزید دو روز تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا
کراچی(نوائے وقت نیوز ) شہر قائد جمعہ کو بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہا اور گرمی کی شدت 15 جون تک برقرار رہے گی۔کراچی پچھلے کئی روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، گرمی کا یہ دورانیہ مزید دو روز تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ ویو الرٹ پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دو روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا اور 15 جون تک شہر میں گرمی شدت کی برقرار رہے گی، تاہم 16 جون سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوگی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہیٹ ویو کے دوران دن کے اوقات میں درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، سمندری ہوائیں بند رہیں گی جب کہ شمالی اور شمال مغربی علاقوں سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔شدید گرمی کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دن کے وقت غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھادیں۔