صدارتی ریفرنس کیخلاف کراچی میں وکلاء کی احتجاجی ریلی
کراچی (وقائع نگار) جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف دائر صدارتی ریفرنس کے خلاف جمعہ کو وکلا نے احتجاج کیا اور احتجاجی ریلی نکالی۔ پاکستان بار کونسل کی جانب سے ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا جس کی حمایت کراچی بار ،ملیر بار سندھ ہائی کورٹ بار اور سندھ بار کونسل کی جانب سے کی گئی تھی جس کے بعد وکلا نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا اور بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں وکلا کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور جنرل باڈی اجلاس منعقد کیئے گئے وکلا کا کہنا تھا کہ ججز کے خلاف دائر کیئے گئے ریفرنس واپس لیئے جائیں کیونکہ وہ بدنیتی پر مبنی ہیں جبکہ وکلا ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال کی مخالفت کی گئی اور وکلا کے ایک گروپ نے سٹی کورٹ کے مرکزی دروازے کا تالا توڑ دیا سندھ ہائی کورٹ میں بھی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی۔