غیر ظاہر شدہ اثاثے قبضے میں لینے کا فیصلہ

کمشنر ان لینڈ ریونیو کواختیار دیدیا گیا ہے کہ غیر ظاہر شدہ سونے، بئیرئر سکیورٹیز، فارن کرنسی کی موجودگی کی قابل اعتماد معلومات ملنے کی صورت میں کسی بھی مقام پر چھاپہ مارا جا سکے گا اور ایسی تمام چیزوں کو قبضہ میں لیا جا سکے گا۔
ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس میں حکومت عالمی مالیاتی اداروں کا دبائو بھی ہو سکتا ہے تاہم ایک وجہ ڈالر کی کمی بھی ہے۔ منی لانڈرنگ کے ذریعے ڈالر سمگل کر دئیے گئے۔ لانچوں اور پھیرے بازوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کے شواہد سامنے آ چکے ہیں۔ کچھ لوگ سونے اور فارن کرنسی کی صورت میں دولت ذخیرہ کر لیتے ہیں۔ یہ ان کی ذاتی ملکیت ہے وہ جہاں چاہیں رکھیں مگر قانون کے تحت اسے ڈکلیئر کرنا ضروری ہے۔ حکومت نے ایمنسٹی کی صورت میں 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی مہلت دی ہے۔ اس کے بعد ایسی کارروائیاں شروع ہو جائیں گی جس کے اختیارات کمشنر لینڈ ریونیو کو دئیے گئے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے کالے دھن کو سفید کرنے کا بہترین موقع ہے۔ حکومت کے عزم و ارادے سے ظاہر ہوتا ہے کہ 30 جون کے بعد سخت کریک ڈائون ہو گاجس کا اعلان وزیراعظم بھی کر چکے ہیں۔