جھوٹ۔ وعدہ خلافی۔ امانت میں خیانت
مکرمی!حدیث مبارک ہے کہ منافق کی تین نشانیاں ہیں۔ جھوٹ بولتا ہے ، وعدہ خلافی کرتا ہے اور امانت میں خیانت کرتا ہے۔ یہ تینوں باتیں ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ہم ذاتی ،اجتماعی، مالی اور سیاسی معاملات میں صبح سے شام تک جھوٹ بولتے ہیں۔ وعدہ خلافی اور امانت میں خیانت ہمارے روزمرہ معمولات میں شامل ہیں۔ گھروں میں والدین اپنے بچوں سے اور بچے اپنے والدین سے جھوٹ بولتے ہیں۔ دوکاندار اور تاجر پیشہ حضرات اپنے گاہکوں سے جھوٹ بولتے ہیں اور حکمران طبقہ اپنے عوام سے جھوٹ بولتا ہے اور وعدہ خلافی کرتا ہے۔ علمائے کرام سے درخواست ہے کہ وہ مساجد میں نمازیوں کو ان برائیوں سے بچنے کی تلقین کریں۔ افسوس کہ خود سیاست کا پورا ڈھانچہ جھوٹ اور وعدہ خلافی پر کھڑا ہے۔ ہاں البتہ اس ملک میں بے شمار صاحب ثروت، خوف خدا رکھنے والے نیک دل حضرات اور ادارے موجود ہیں جو ان برائیوں کے سدِباب کیلئے آگے آ سکتے ہیں۔ ٹیلی ویژن کیلئے چھوٹی چھوٹی ڈاکومنٹری فلمیں بنا کر اور اخبارات میں بذریعہ اشتہارات مندرجہ بالا برائیوں کے بارے میں عوام کو مطلع کیا جا سکتا ہے۔ اُمید ہے کہ نیک دل صاحبِ ثروت حضرات دینی تبلیغ اور معاشرتی سدھار کے اس نیک کام میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے۔ (عبدالحق صدر ۔ پنجاب گورنمنٹ پنشنرز فرنٹ 310 ۔ کریم بلاک علامہ اقبال ٹائون لاہور)