کمی

وہ سبھی لڑکیاں لنچ بریک میں اکٹھی ہو گئی تھیں اور باتیں کر رہی تھیں…،، آئو کسی کی کمی اور ناکامی ڈسکس کرتے ہیں۔،، باقی سب کی آنکھوں میں بھی ایک چمک آ گئی…،، رخشی کے ہاں ابھی تک اولاد نہیں ہوئی…،، ’’جمال اور نینا کی جوڑی بالکل بے جوڑ ہے…،،
’’شاید رستم اس بار بھی امتحان پاس نہیں کر پایا…،، ’’سارہ کی بیٹی کا انگلش ایکسنٹ اچھا نہیں ہے…شاید اس کا سکول معیاری نہیں…،، باتیں کرتے کرتے انہوں نے سامنے دیکھا…’’کمی،، جامنی جوڑا پہنے بالکل ان کے سامنے بیٹھی ان کی پلیٹ سے کھانا کھا رہی تھی…وہ سب چونک گئیں…اگر تم یہاں ہو تو ہم کس کے بارے میں اتنی دیر سے بات کر رہے ہیں؟ ’’کمی،، مسکرائی…،، رخشی کے ہاں ابھی تک اولاد نہیں ہوئی لیکن اس دکھ کی بدولت اس نے دل سے دعا مانگنا سیکھ لیا…
جمال اورنینا نے اس ’’بے جوڑ جوڑے،، کے لیبل کی بدولت بے غرض محبت کرنا سیکھ لیا…
رستم نے امتحان میں تیسری بار ناکامی کے باعث وہ فارمولے بھی پڑھ لیے ہیں جو اس کے استاد نے بھی نہیں پڑھے تھے…
سارہ کی بیٹی نے اس ایکسنٹ کے ساتھ ٹاپک پرعبور رکھنے کے باعث تقریری مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کر لی…تم سب روزانہ میرا اتنی کثرت سے ذکر کرتے ہو کہ اب میں اکثر تمہارے اردگرد ہی رہتی ہوں اور تم لوگوں کو آہستہ آہستہ کھا رہی ہوں لیکن تمہیں احساس بھی نہیں ہو رہا…ان سب نے گھبرا کر اپنی اپنی پلیٹوں کی طرف دیکھا جن میں کچھ بچی کچی ہڈیوں پرمکھیاں بھنبھنا رہی تھیں…