لندن : 27 منزلہ رہائشی عمارت میں ہولناک آتشزدگی‘ 12 افراد ہلاک‘ 68 زخمی
لندن (عارف چودھری+ نیوز ایجنسیاں) لندن میں 27 منزلہ عمارت میں آتشزدگی سے12 افراد ہلاک اور 68 زخمی ہوگئے۔ لٹمر روڈ پر واقع گرینفل ٹاور میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 400 فائر فائٹر امدادی کاموں میں مصروف رہے۔ لندن فائر بریگیڈ کے نائب کمشنر ڈین ڈیلی نے بتایا کہ گرینفل ٹاور نامی اس عمارت میں 120 رہائشی فلیٹس ہیں۔ عمارت سے کئی لوگوں نے کھڑکیاں توڑیں اورکود کر اپنی جانیں بچائی ہیں۔ لندن کے میئر صادق خان موقع پر پہنچ گئے، انہوں نے آتشزدگی کے اس واقعہ کو تاریخ کا بدترین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ابھی لوگوں کی بڑی تعداد لاپتہ ہے۔ عینی شاہدین نے عمارت کی بالائی منزلوں سے چیخنے چلانے کی آوازیں سنیں جبکہ کچھ رہائشیوں کو مدد کے لیے سفید رنگ کے کپڑے لہراتے بھی دیکھا گیا۔ اپنے بچوں کو بچانے کی فریادیں کررہے تھے۔ دوسری منزل سے شروع ہونے والی آگ نے تمام بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ مرنیوالوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے بیسیوں گھنٹے بعد قابو نہ پایا جاسکا، عمارت منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار اینڈی مور کا کہنا ہے ہم نے عمارت کا ملبہ گرتے ہوئے دیکھا، دھماکوں اور شیشے ٹوٹنے کی آوازیں سنیں۔ سینکڑوں افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ آگ اتنی شدید کہ 10 گھنٹہ بعد بھی مکمل آگ نہ بجھائی جاسکی لیکن کافی کنٹرول کرلیا۔ مسلمانوں کے سحری کی وجہ سے اور بھاگنے کی وجہ سے کافی افراد جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔
لندن/آگ