مظفر گڑھ: ترک کالونی میں کرنٹ لگنے سے پتوکی کے 7 مزدور جاں بحق‘ ایک خاندان سے تعلق تھا
مظفر گڑھ (نوائے وقت رپورٹ) مظفر گڑھ کے علاقے ترک کالونی میں کرنٹ لگنے سے پتوکی کے رہائشی ایک خاندان کے 7 مزدور جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ ترک کالونی کو گیس مہیا کرنے کیلئے دو درجن سے زائد مزدور پائپ لائن بچھانے کا کام کر رہے تھے کہ پائپ ویلڈ کرتے ہوئے اس میں کرنٹ سرایت کر گیا۔ کرنٹ لگنے سے کئی مزدوروں کی حالت غیر ہوگئی، انہیں فوری طورپر امدادی کارکنوں، شہریوں اور پولیس نے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاںعدنان، جاوید، علی، لیاقت، یاسین، شہزاد اور ارشد دم توڑ گئے جبکہ ہسپتال میں داخل کچھ اور مزدوروں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق مزدوروں کی نعشوں کو اوکاڑہ بھجوانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ایم این اے جمشید دستی بھی ساتھیوں کے ہمراہ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچ گئے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے مظفر گڑھ میں کرنٹ لگنے سے 7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوںسے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہو ںنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے اورہدایت کی ہے کہ واقعہ کی فی الفور رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کیلئے 10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا۔دوسری طرف بعض ذرائع نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے ترقیاتی کام جلد از جلد ختم کرانے کیلئے ٹھیکیداروں کو ڈیڈ لائن دے رکھی ہے جس کی وجہ سے مزدوروں سے دن رات کام کرایا جا رہا تھا۔ بعض ذرائع کے مطابق ترک کالونی کے مین گیٹ کے نیچے بجلی کا تار بچھایا گیا، ایکسیئن واپڈا کے مطابق چوری کی بجلی سے ڈسپوزل پمپ چلایا جا رہا تھا، جاں بحق ہونے والے مزدوروں کو اس تار سے کرنٹ لگا۔ ڈی سی او مظفر گڑھ نے بجلی چور ٹھیکیدار کیخلاف تحقیقات کا حکم دیدیا۔