لاہورہائیکورٹ نے اساتذہ کو بگ سٹی الائونس دینے کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کےلیے پنجاب حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دے دی ۔
مختلف سکولوں کے اساتذہ نے بگ سٹی الائونس دئیے جانے کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کررکھی ہے جس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید کررہے ہیں۔ دوران سماعت عدالت میں سیکرٹری فنانس، سیکرٹری سکولز اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پیش ہوئے۔ پنجاب حکومت کے وکلاء نے ہائیکورٹ سےعدالتی احکامات کی تعمیل کےلیے مہلت طلب کی جبکہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ احکامات پر عملدرامد کا نوٹیفیکیشن ایک ہفتے میں جاری کردیا جائے گا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کررہی جو قابل قبول نہیں، عدالت اپنے فیصلوں پر عملدرامد کروانا جانتی ہے۔ عدالت نے اساتذہ کو بگ سٹی الائونس دینے کےلیے پنجاب حکومت کو سات روز کی مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت تئیس جون تک ملتوی کردی۔