’’دہشت گردی کا خطرہ‘‘ داتا گنج بخشؒ‘ میاں میرؒ‘ بی بی پاکدامنؒ کے درباروں کی سکیورٹی سخت
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک + نمائندہ خصوصی) دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر گذشتہ رات صوبائی دارالحکومت میں اہم مقامات عمارات اور راستوں اور مزارات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ دربار بی بی پاکدامن کو عملاً زائرین کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ دربار کے مرکزی بازار کو بھی بند کرا کر آس پاس کی آبادی کی بھی تلاشی لی گئی‘ پولیس نے بیریئر لگا کر دربار بی بی پاکدامن کو جانیوالے راستے بند کردیئے اس کے علاوہ داتا دربار‘ دربار پیر مکی‘ دربار حضرت شاہ جمالؒ اور دربار حضرت میاں میرؒ کے گرد بھی سکیورٹی حصار قائم کر دیئے گئے اور ان کی طرف آنے والے راستوں پر بیریئر لگائے گئے ہیں اور زائرین کی سخت تلاشی لی جاتی رہی‘ ان درباروں کے نزدیک واقع دکانوں‘ باہر بیٹھے فقیروں کی بھی مکمل تلاشی لی گئی۔ ذرائع کے مطابق حکام کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد لاہور میں فرقہ واریت پھیلانے کیلئے اولیاء اور بزرگان دین کے مزارات کو خودکش حملوں کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔