تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے مابین ربط لازم ہے، شبلی فراز
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر براے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستانی تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے مابین ربط لاز م ہے، نوجوان روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور شعبہ انجینئرنگ و ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کی دلچسپی اور کارکردگی ملکی ترقی کی نوید ہے ،وز ارت سائنس و ٹیکنالوجی اپلائیڈ ریسرچ کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام بارہویں اوپن ہاوس و کیرئیر فیئر کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر براے سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی انڈسٹری، جامعات اور حکومت کے مابین ایک مربوط تعلق قائم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اوپن ہاؤس کے دوران جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں طالبات نے سول، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس انجیئنرنگ پراجیکٹس کی نمائش کی۔ اس موقع پرانڈسٹری اور تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے علاوہ انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے ماہرین بھی موجود تھے۔ طلباء و طالبات نے بجلی کے بحران کے خاتمے، شعبہ طب میں معیاری مشینری جیسے کئی ایک پراجیکٹس کے ذریعے اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ندیم احمد جاوید، ڈی جی، ایچ آر ڈی نیسکام اور ممبر ٹیکنیکل کے آر ایل ڈاکٹر عبدالقیوم بھی موجود تھے۔اس موقع پر ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی انڈسٹری اور شعبہ تعلیم کے مابین تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے پر عزم ہے۔