تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 45 سالہ شخص جاں بحق

فیصل آباد میں بدھ کی علی الصبح تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر 45 سالہ شخص کو موت کی آغوش میں پہنچادیا۔ریسکیو 1122فیصل آبادکے ترجمان نے بتایا کہ چک نمبر 2 ج ب سرگودھا روڈ پر ایک 45 سالہ شخص شہباز ولد ممتاز موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آنیوالے ایک تیز رفتار ٹرک نے اوور ٹیکنگ کے دوران بے قابو ہوکر موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور متوفی کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا تاہم اس دوران ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے قانونی کارروائی کےآ غاز سمیت ٹرک ڈرائیور کی گرفتاری کیلیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔