آئن مورگن قائدانہ گْر بتانے پر برینڈن میکولم کے شکرگزار
لندن(یواین پی)عالمی کپ کا فائنل کھیلنے سے قبل انگلش کپتان آئن مورگن نے اعتراف کیا ہے کہ سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم نے انہیں لیڈرشپ سے متعلق بہت کچھ سکھایا اور ثابت کیا کہ کوئی بھی اپنے بل پر کھیل میں بلند ترین مقام حاصل کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ چار سال قبل آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں برینڈن میکولم کی زیرقیادت کیوی ٹیم نے انگلینڈ کو 123 رنز پر ٹھکانے لگا کر مطلوبہ ہدف محض 13 ویں اوور میں حاصل کرلیا تھا۔انگلش ٹیم اس وقت گروپ سٹیج سے ہی باہر ہو گئی تھی جبکہ نیوزی لینڈ کو فائنل میں آسٹریلیا کیخلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔کیوی ٹیم کو بطور ماڈل سامنے رکھتے ہوئے انگلش ٹیم کو پچاس اوورز کے فارمیٹ میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والے آئن مورگن کا کہنا تھا کہ یہ چار سالہ محنت ہی ہے جس نے انہیں اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جس کو ان کے ڈریسنگ روم میں موجود ہر پلیئر سراہتا ہے۔