بارانی علاقوں ، خیبر پی کے میں ڈیم اور پانی کے ذخائر تعمیر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی حکومت نے ملک میں زراعت شعبے کی بڑھتی ہوئی زرعی پانی کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے بارانی علاقوں سمیت صوبہ خیبر پختونخوا میں چھوٹے بڑے ڈیموں اور پانی کے ذخائر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیاہے چار سالہ پروگرام کے تحت ان پر کم ازکم لاگت 220ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق موجودہ حکومت نے آئندہ چار سالہ پروگرام کے تحت زراعت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے اور پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پانی کے ذخائر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار بڑھایا جاسکے ۔ پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود زرعی اجناس باہر سے منگوانا پڑتی ہے جس پر سالانہ اربوں ڈالر کے زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتے ہیں ۔ حکومت نے زراعت اور اس شعبے سے وابستہ کاشتکار اور کسانوں کو مالی طور پر مستحکم کرنے کیلئے اقدام اٹھا رہی ہے کیونکہ ماضی میں زراعت کے شعبے کو مسلسل نظر انداز کیا گیا ہے ۔ پانی کے ذخائر بڑھانے سے ملکی ضروریات اور فصلوں کی پیداواربڑھا نے سے ہماری معیشت میں کافی مددگار ثابت ہونگے ۔ اس وقت بارانی علاقوں میں کل 1853چھوٹے(منی)ڈیموں کی تعداد ہے جبکہ 3253فارم پونڈز جو پہلے سے بارانی علاقوں میں موجود ہیں جن کی اپ گریڈیشن اور استعداد کار بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ پانی کی ضروریات کو پورا کیاجاسکے ۔ ان کی اپ گریڈیش سے بارانی علاقوں میں دالوں ، آرچرڈ (باغات)اور نقد آور فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگی ۔