جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اہم مقدمات کی کارروائی ٹھپ
اسلام آباد (چوہدری شاہداجمل) اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 2کے جج محمد ارشد ملک کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ان کی عدالت میں زیر سماعت اہم مقدمات کی کارروائی رک گئی ہے،احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج صرف ریمانڈ اور ڈسچارج سے متعلق معاملات کی سماعت کر سکیں گے۔احتساب عدالت نمبر2کے جج محمد ارشد ملک کی عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف جعلی اکائونٹس کے حوالے سے میگا کرپشن کیس زیر سماعت ہے،جج ارشد ملک پنک ریذیڈینسی ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی بھی سماعت کر رہے تھے،نندی پور ریفرنس میں تحریک انصاف کے رہنماء بابر اعوان کو بری کر دیا گیا ہے لیکن پیپلزپارٹی کے رہنماء راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس ابھی زیر سماعت ہے جبکہ اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکے کا ریفرنس بھی زیر سماعت ہے،احتساب عدالت نے مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کو بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرانے پر نیب کی درخواست پر 19جولائی کو طلب کر رکھا ہے،اسی طرح سے سابق مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے بھی غیر قانونی تقرری کے حوالے سے نیب کی طرف سے دائر ریفرنس میں 17جو لائی کو احتساب عدالت میں پیش ہو نا ہے،پیپلز پارٹی کی خاتون سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت بھی 16جو لائی کو ہونا ہے۔اب جبکہ احتساب عدالت نمبر2کے جج محمد ارشد ملک کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ان کی جگہ پر نئے جج کی تعیناتی تک ان کی عدالت میں زیر سماعت تمام مقدمات کی سماعت موخر(پینڈنگ) ہو جائے گی ،احتساب عدالت نمبر1کے جج محمد بشیر ڈیوٹی جج کے طور پر صرف ریمانڈ اور ڈسچارج سے متعلق معاملات کی سماعت ہی کریں گے۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 2کے جج محمد ارشد ملک کوان کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد 12جولائی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا،یاد رہے کہ 6جولائی کو سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز پریس کانفرنس کے دوران العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کا فیصلہ سنانے والے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔تاہم ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے ویڈیو زکو مفروضوں پر مبنی قرار دیا تھا۔