کسی مسلمان کو حج وعمرہ کی ادائیگی سے نہیں روکاجاسکتا:ڈاکٹر راغب نعیمی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) دارلعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ کسی مسلمان کو حج و عمرہ کی ادائیگی سے نہیں روکا جا سکتا کیونکہ حج کی فرضیت قطعی ہے اور اس کا انکار کفر، جب استطاعت حاصل ہو جائے تو اس کی ادائیگی جلدی کرنا ضروری ہے۔ حرمین شریقین کی زیارت بخشش و مغفرت کا ذریعہ اور رزرق میں اضافے کا باعث ہے۔ اہل اسلام کو خانہ کعبہ کی حاضری سے منع کرنا کسی صورت جائز نہیں۔ نبی کریمؐ نے فرمایا کہ ’’ جس نے اللہ کے لئے حج کیا ور فحش باتیں نہ کیں اور نہ کوئی گناہ کیا تو وہ حج سے اس طرح واپس لوٹے گا جیسے اپنی ماہ سے اسی دن پیدا ہو اہے۔ ’’اہل اسلام کو فرض کی ادائیگی سے روکنا، منع کرنا شرعانا جائزو حرام ہے۔ ارکان اسلام میں سے حج اہم ترین رکن اور مسلمانوں کی وحدت کا شاہکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دارالافتا، جامعہ نعیمیہ سے جاری فتویٰ کے مطابق حج و عمرہ کی ادائیگی کے حوالے سے سعودی حکمرانوں کے خلاف بے بنیاد منفی پروپیگنڈہ کرنا اور مسلمانوں کو حج جیسی عظیم عبادت سے محروم کرنے کی قبیح حرکت کرنا کسی طرح بھی درست نہیں ،بلکہ یہ عمل انتشار تفریق بین المسلمین ہے جس کی اسلام میں قطعاً اجازت نہیں اور تمام مسلمانوں پر فرض ہے کہ اپنی استطاعت کے مطابق اس منفی پروپیگنڈہ کا جواب دیں۔