مفتی اختررضاخان نے شریعت مصطفویؐ کا بھرپورتحفظ کیا:اشرف آصف جلالی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم وتحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام حضرت امام احمد رضا خان قادری علیہ رحمہ کے پوتے اور عالم اسلام کے عظیم علمی اور روحانی پیشوا حضرت امام شاہ اختر رضا خان قادریؒ کے پہلے سالانہ عرس کے موقع پر جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں حضرت شاہ محمد اختر رضا خان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کے انتظامات مفتی محمد امانت جلالی ،میاں محمد الیاس ،الحاج محمد حنیف قادری اور شیخ محمد حنیف شرقپوری نے کیے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم،تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت مفتی محمد اختر رضا خان قادری نے شریعت مصطفیؐ کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔آپ نے عوام و خواص کی نظریاتی پختگی اور اعتقادی درستگی کیلئے ان تھک جدوجہد کی ۔آپ نے نئے پیش آنے والے مسائل میں بر وقت امت مسلمہ کی رہنمائی کی۔ایک روحانی اور مذہبی پیشوا کی حیثیت سے آپ نے لاکھوں لوگوں کی رہنمائی کی۔آپ وہ سفیر عشقِ رسول ﷺ ہیں جنہوں نے کتنے بھولے بھٹکے لوگوں کو گنبد خضری کی طرف متوجہ کیا۔آپ نے الحادی آندھیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔