سیاست ، ریاست اور ذرائع ابلاغ میں کشیدگی سنگین بحران کا موجب ہے:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے شہدائے کشمیر کانفرنس اور سندھ ، خیبر پی کے اور وسطی پنجاب سے آئے کارکنان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ سیاست ، ریاست اور ذرائع ابلاغ کے درمیان کشیدگی سنگین بحران کا موجب ہے ۔ عمران سرکار کو ادراک ہی نہیں ، کشیدگی کی آگ بجھانے کی بجائے روزانہ کی بنیاد پر بدکلامی کا تیزاب اور غلط اقدامات کا پٹرول چھڑکا جارہاہے ۔ پاکستان تہ در تہ بحرانوں اور مشکلات سے دوچار ہے ۔ عالمی مالیاتی اور استعماری قوتیں بلیک میل کر رہی ہیں ۔ آزادی ، خود مختاری اور قومی عزت و وقار کی حیثیت کمزور ہو رہی ہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری تباہی لارہی ہے ۔ تعلیم ، صحت اور شہری سہولتیں مفقود ہورہی ہیں ۔ قومی سلامتی اور قومی سیاست کے ذمہ داران اپنی ترجیحات درست کریں وگرنہ عوامی جذبات کا لاوا پھٹے گا ، انارکی بڑھے گی ۔