بھارتی آرمی چیف کی بڑھکیں اور راہداری مذاکرات
پاکستان نے مہم جوئی کی تو سخت جواب دیا جائے گا۔ بھارتی آرمی چیف کی پھر بڑھک۔ کرتار پور راہداری پر پاکستان اور بھارت میں مذاکرات جاری، تجاویز کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ایک طرف تو پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور راہداری پر مذاکرات ہو رہے ہیں ، دونوں ممالک کے درمیان ٹریک ٹو سطح پر بھی بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دوسری طرف بھارتی آرمی چیف نجانے کس کی شہ پر فلمی انداز میں بڑھکیں لگا رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے پاکستان اور چین دونوںپر بیک وقت حملہ کرنے کی دھمکی دی تھی آج وہ پاکستان کو مہم جوئی کی صورت میں سخت جواب دینے کی بات کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ جنگ خونریز ہو گی اور اس میں انسانی جانوں کے نقصان کا لحاظ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے اس مجنونانہ بیان پر عالمی برادری کو بھی نوٹس لینا چاہئے کیونکہ یہ کھلم کھلا ایٹمی جنگ کی دھمکی ہے جس میں بے پناہ انسانی جانوں کا اتلاف ہو سکتا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تنازعات اور مسائل کے حل کے سلسلہ میں دوغلی پالیسی کی راہ اپنائی ہے۔ ایک طرف وہ مذاکرات کا ڈھونگ رچاتا ہے ، دوسری طرف جنگ کی دھمکیاں دینے سے باز نہیں آتا۔ پاکستان ہمیشہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیتا رہا ہے جبکہ بھارت کا رویہ اس کے برعکس ہمیشہ منفی رہا ہے۔