چائلڈ لیبر کی سنگین صورتِ حال
مکرمی! پاکستان لیبر فورس کے سروے کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تقریباً سوا کروڑ بچے مزدوری کرتے ہیں۔ یہ بچے سکول جانے سے قاصر ہیں کیونکہ سکولوں میں جانے کے اوقات میں یہ بچے اپنی کم عمری میں انتہائی کم معاوضے پر سخت محنت کرنے پر مجبور ہیں۔ ہر سال 12 جون کو پاکستان میں بھی دنیا بھر کی طرح چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن تو منایا جاتا ہے، جس کا اولین مقصد دنیا بھر میں بچوں کو محنت و مشقت سے دور کر کے ان کے لیے تعلیم جیسی بنیادی سہولت مہیا کرنا ہے اور چائلڈ لیبر سے متعلق سخت قوانین قائم کر کے اس برائی کا خاتمہ کرنا ہے لیکن یہ اور اس دن نکالی جانے والی ریلیاں اور منعقد کئے جانے والے سیمینار یہ سب محض نمائشی شو کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی سطح پر ایسے اقدامات اٹھائے جائیں اور سخت قوانین قائم کرنے کے بعد ان پر عمل درآمد کروانے پر بھی توجہ دی جائے۔ (عاصمہ شاہد، لاہور)