اسلام آباد : نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر ) ناصر الملک نے سانحہ مستونگ پر آج سرکاری طور پر ایک روزہ سوگ منانے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم نے بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کوخراج عقیدت اور لواحقین سےاظہاریکجہتی کے لیے قومی سطح پر یوم سوگ کا اعلان کیاہے۔اس حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے وزارت داخلہ کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جس کے بعد وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پشاور اور مستونگ میں دہشت گردی کے واقعات کے باعث اتوار کو یوم سوگ منایا جائے گا جس میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران انتخابی سرگرمیوں میں دھماکوں کے نتیجے تقریبا 150 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں انتخابی امیدوار ہارون بلور اور سراج رئیسانی بھی شامل ہیں۔