نوازشریف انجام کو پہنچ گیا اب زرداری کی باری ہے: خالد جاوید وڑائچ
ملتان (نامہ نگار خصوصی) یونین کونسل 91 بستی نو پی پی 211 این اے 154 کی اہم ترین برادریوں نانڈلہ‘ سندیلہ‘ بھٹی‘ چھینہ‘ کالرو اور سپیرا برادری کی جانب سے پی ٹی آئی‘ ملک احمد حسین ڈیہڑ اور چودھری خالد جاوید وڑائچ کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں بستی نو میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ یہ سب اﷲ کی کرم نوازی ہے کہ پسماندہ علاقوں میں عمران خان کا پیغام پہنچنا شروع ہو گیا ہے اور اس کے ثمرات تیزی سے سامنے آ رہے ہیں۔ برادریوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت اور ہماری حمایت کا اعلان اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اب تبدیلی کوئی نہیں روک سکتا۔ امیدوار پی پی 211 چودھری خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری اور دھرتی کا سب سے بڑا سوداگر ہے (ن) لیگ کا لیڈر تو اپنے انجام تک پہنچ گیا اب باری زرداری کی ہے۔ جلسے ملک تنویر نانڈلہ‘ ملک خادم حسین سندیلہ‘ ملک محمد اعظم سندیلہ‘ ملک رفیق نانڈلہ‘ شیخ رفیق کونسلر‘ ملک رجب علی نانڈلہ‘ ملک منور سعید نانڈلہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔