جمہوری قوتیں اعصاب مضبوط رکھیں، الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہئیں: لیاقت بلوچ
لاہور ( سپیشل رپورٹر + لیڈی رپورٹر) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 لاہور سے امیدوار لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب میں گرومانگٹ ، فردوس مارکیٹ ، گلبرگ میں کارنر میٹنگز اور خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ انتخابات کے التواء کے نہ حالات ہیں اور نہ ہی کوئی جواز۔ دہشتگردی اور سیاسی انتشار کے سامنے سرنڈر کرنے کی بجائے جمہوری قوتیں ، عدلیہ ، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتیں، ادارے اعصاب مضبوط رکھیں اور انتخابات 25 جولائی کو ہی منعقد ہوں ۔ ملک عوام کے مسائل کے گرداب میں الجھا دیا گیاہے ۔عالمی محاذ پر اتحاد امت ناگزیر ہے اور مستحکم ایٹمی پاکستان پوری امت کا مضبوط سہارا بن سکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل تعلیم ، صحت اور روزگار کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ مہنگی بجلی ، زراعت ، صنعت ،تجارت اور گھریلو صارفین کے لیے عذاب کبریٰ بن گئی ہے ۔ سستی بجلی کی فراہمی اور پانی کی قلت کے خاتمہ کے لیے نئے بیراج تعمیر کیے جائیں گے ۔ کرپشن کے ناسورکے خاتمہ کے لیے آہنی جذبوں کے ساتھ اقدامات کرنا ناگزیر ہیں ۔ کرپشن ہی قومی مسائل اور فساد کی جڑ ہے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے اکرم خان درانی ، حاجی غلام احمد بلور اور لشکری رئیسانی کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کر کے دہشتگردی کے واقعات ، سراج رئیسانی ، ہارون بلور اور کارکنان کی شہادتوں پر تعزیت اور صدمہ کا اظہار کیا۔