متحدہ مجلس عمل آج باغ جناح میں جلسہ کریگی‘ مرکزی قائدین خطاب کرینگے
کراچی (نیوزرپورٹر)صدر متحدہ مجلس عمل کراچی و جماعت اسلا می کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مجلس عمل کراچی کے تحت اتوار 15جولائی کو شام 6بجے باغ ِ جناح میں ہونے والا عظیم الشان ’’جلسہ عام ‘‘ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جو کراچی کے ووٹرز کی سمت کو متعین کردے گا ، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی قوتیں اور امریکی سی آئی اے ،بھارتی ایجنسی رااور اسرائیلی ایجنسی موساد ملوث ہیں ،ہم امریکا ، بھارت ، اسرائیل اور تمام دین مخالف قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کراچی زندہ وبیدار اور اسلام سے والہانہ محبت اور گہری عقیدت رکھنے والوں کا شہر ہے ،الیکشن کمیشن الیکٹرانک میڈیاپر کروڑوں روپے کے چلنے والے اشتہارات کا نوٹس لے ، الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی پابندیوں کے حوالے سے جانبدار ہے اور عوام کو دھوکا دیا جارہا ہے جس کی ہم پُر زور مذمت کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے باغِ جناح میں جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات کاجائزہ کے موقع پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے انتہائی مختصر نوٹس اور ہنگامی بنیادوں پر باغِ جناح میں کی جانے والی تیاریوں اور انتظامات پر منتظمین اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا ۔پریس کانفرنس سے متحدہ مجلس عمل سندھ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، سندھ کے نائب صدر محمد اسلم غوری ، کراچی کے جنرل سکریٹری مستقیم نورانی ، اسلامی تحریک کے رہنما سرور علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ عام سے مرکزی قائدین مولانا فضل الرحمن ، سینیٹر سراج الحق ، شاہ اویس نورانی ، پروفیسر ساجد میر ، علامہ ساجد نقوی ، لیاقت بلوچ سمیت دیگر خطاب کریں گے ۔ جلسہ عام میں شہر بھر میں عوام کی بہت بڑی تعداد میں شریک ہوگی جو مختلف اضلاع کے رہنمائوں اور قومی و صوبائی امیدواروں کی قیادت میں اجلاس اور ریلیوں کی شکل میں باغ جناح پہنچے گی ۔ جلسہ عام کے سلسلے میں شہر بھر میں رات گئے تک موبائل پبلیسٹی جاری رہی ۔ جبکہ شہر کے اہم پبلک مقامات اور چورنگیوں پر لگائے گئے کمیپوں میں بھی زبردست گہما گہمی اور جوش و خروش دیکھنے میںآیا ۔
متحدہ مجلس عمل