مظفر گڑھ میں ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح مزید بلند‘ قادر آباد کے مقام پر متعدد دیہات زیرآب
مظفرگڑھ+ لاہور (نوائے وقت نیوز+ نامہ نگاران+ آن لائن) مظفر گڑھ میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔ دوسری طرف دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر سیلابی ریلے کے کٹا¶ کے باعث متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دریاﺅں کی تازہ صورتحال کے مطابق مظفرگڑھ میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی آمد 84 ہزار 133 کیوسک اور اخراج 69 ہزار 353 کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں ہیڈ تونسہ کے مقام پر بھی پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے جبکہ چشمہ بیراج سے نکلنے والا چار لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا لیہ کی حدود میں داخل ہوچکا ہے جس سے متعدد دیہات کے بعد لیہ شہر کی قریبی آبادیاں بھی لپیٹ میں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ دریا ئی کٹاﺅکے باعث مکانوں اور اراضی کے دریابُرد ہونے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بعض سرکاری سکولوں میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے۔ ادھر دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف منڈی بہا¶ الدین میں ہیڈ قادر آباد کے مقام پر دریائے چناب میں ایک لاکھ 31 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔ سیلاب کے باعث دریائے چناب نے قادر آباد اور فرخ پور بھٹیاں کے مقام پر تیزی کے ساتھ زمین کا کٹا¶ شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے متعدد دیہات، سینکڑوں ایکڑ اراضی اور نشیبی علاقے زد میں آگئے ہیں تاہم وزیرآباد میں دریائے چناب اور نالہ پلکھو میں پانی کی سطح مسلسل کم ہونے لگی ہے۔ دریائے چناب میں اس وقت ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کا بہا¶ ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک سے کم ہو کر 80 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت دریائے سندھ میں تربیلا اور کالا باغ چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ دریائے جہلم میں قادر آباد اور چنیوٹ بریج کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد کے راول ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد سپل ویز بند کردئیے گئے، اب ڈیم میں پانی کی سطح 17 سو 47 فٹ ہے۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل جواد اکرم نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں اور کسی بھی مقام پر سیلاب کا خطرہ نہیں۔ بارشیں معمول کے مطابق ہوئی ہیں شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی بھی معمول کے مطابق بہہ رہا ہے۔ پسرور سے نامہ نگار کے مطابق موضع پینن کے میں نالہ ڈیک کے سیلابی پانی نے حفاظتی بند کا کٹاﺅ شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے قریبی دیہات میں لوگ خوف زدہ ہو گئے۔ گڑھ مہاراجہ سے نامہ نگار کے مطابق دریائے چناب میں پانی زیادہ آجانے کے باعث درجنوں زیر آب آگئے۔ دریا کی قریبی مکین محفوظ مقام پر منتقل ہونے لگے۔ منڈی شاہ جیونہ سے نامہ نگار کے مطابق دریائے چناب میں مزید پانی آنے کی اطلاع پر ضلعی انتظامیہ نے درجنوں دیہات خالی کرالئے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق عید الفطرکے ایام میں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشیں ہوں گی۔ جمعہ سے اتوار کے دوران کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔اس دوران شدید بارشوں کے باعث کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ پنجاب اور خیبرپی کے کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ہیڈ پنجند میں پانی/ سطح بلند