بھارت کا جنگی جنون، 4 جاسوس طیاروں سمیت 4.74 ارب ڈالر کا دفاعی سامان خریدنے کی منظوری
نئی دہلی (رائٹرز+ اے این این) بھارت نے امریکی کمپنی بوئنگ سے 4 جاسوسی طیاروں سمیت 4.74 ارب ڈالر کے دفاعی سامان کی خریداری کی منظوری دیدی۔ ترجمان وزارت دفاع کے مطابق اس معاہدے کے تحت سینکڑوں ائرڈیفنس گنیں بھی خریدی جائینگی۔ بھارتی ڈیفنس ایکویزیشن کونسل کے اجلاس میں ترجمان نے بتایا کہ منظور ہونے والا سب سے بڑا آرڈر 169 ارب روپے کی 428 ایل 70 اور زیڈیو 23 کی ائرڈیفنس گنیں ہیں۔ ان گنوں کو بھارت میں تیار کیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نئی دہلی متوقع طور پر اگلے دس سالوں میں فوج کو جدید بنانے کیلئے 250 ارب ڈالر خرچ کر ے گا۔ بوئنگ سے 43.8 ارب روپے مالیت کے 4، پی81- جاسوسی طیارے خریدے گا۔ بھارتی بحریہ بحر ہند میں چین کی موجودگی پر نظر رکھنے کیلئے ان طیاروں کو استعمال کرسکتی ہے۔ بھارت نے حال ہی میں بوئنگ سے ان جاسوسی طیاروں کی 7ویں ڈلیوری وصول کی ہے۔ دوسری طرف بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے بھارت کے ساتھ جون میں نئے دس سالہ انتہائی مہنگے دفاعی فریم ورک اور گزشتہ آٹھ برس میں دس ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کرکے روس، اسرائیل اور فرانس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ امریکہ 140کروڑ ڈالر مالیت کے22 اپاچی جنگی ہیلی کاپٹروں کے بعد بھارت مزید 39اپاچی ہیلی کاپٹروں کا آرڈر دے رہا ہے۔ گزشتہ چار سال میں امریکہ بھارت کو اسلحے کا سب سے بڑا سپلائرز بن گیا۔ امریکہ سے فضائیہ کے لئے 140کروڑ ڈالر مالیت کے22 اپاچی جنگی ہیلی کاپٹروں کے معاہد ے کے بعد اب بھارت اپنی آرمی کے لئے 39 اپاچی ہیلی کاپٹروں کا آرڈر دے رہا ہے۔ 2011 میں چار ارب دس کروڑ ڈالر مالیت کے دس سی 17گلوب ماسٹر تھری ایئرکرافٹ کے علاوہ دو ارب ڈالر کے مزیدچھ سی 17 کا آرڈر دیا جا رہا ہے۔ پینٹاگون اور سائوتھ بلاک آئندہفتے 77 کروڑ ڈالر کے ایم 777 الٹرا لائیٹ ہویٹزر معاہدے پر بات چیت کریں گے جن میںحکومتی سطح کے معاہدے میں145 آرٹلری گنیں جنہیں بھارت میں تیار کیا جانا ہے۔ بوئنگ سے2 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کے 22 اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر اور 15 چینوک ہیوی لفٹ ہیلی کاپٹر کے سودے کا اب وزارت خزانہ جائزہ لے رہی ہیں۔