شہباز شریف کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار پر اطمینان اور خوشی کا اظہار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں چینی کمپنی کے صدر وینگ وین ژونگ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کی ویڈیو بھی دیکھی۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنی کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ روشنی کے سفر کا خوبصورت آغاز ہوا ہے اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی سائٹ پر تیز رفتاری سے کام ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تعمیراتی کام کی رفتار پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔ چینی کمپنی کے صدر نے منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کی جانب سے غیر معمولی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔