پاکستان، بھارت مذاکرات کی گاڑی چل پڑی، امریکہ، چین نے تیل، دھکے کا بندوبست کیا: بی بی سی
اسلام آباد (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی گاڑی ایک مرتبہ پھر سٹارٹ ہوئی ہے۔ شدید ہچکولے اب بھی کھا رہی ہے لیکن قابل اطمینان بات یہ ہے چل پڑی ہے۔ کہا جاتا ہے اس خطے میں اپنے مفادات کی خاطر امریکہ اور چین نے اس گاڑی کو چلانے کیلئے تیل اور دھکے کا بندوبست کیا ہے۔ پاکستان میں اس گاڑی کو چلانے کیلئے جو دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے مشترکہ بیان جاری کیا اس سے نواز شریف پر گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ نریندر مودی کے حوالے کرنے کا الزام لگ رہا ہے۔ ناقدین کہتے ہیں انہوں نے بھارت کے مطلب کی تو تمام باتیں بیان میں ڈال دیں لیکن کشمیر کا ذکر نہ کر کے بہت بڑا جرم کیا ہے۔ فی الحال اس گاڑی کیلئے متبادل ٹریک ٹو بھی کھول دیا گیا ہے تو امید کی جا سکتی ہے یہ آگے بڑھ پائے گی۔