پیٹریاس کی جنرل کیانی سے ملاقات‘ ”بازو مروڑنے کی کوششوں سے مثبت نتائج نہیں نکلیں گے“: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) افغانستان میں اتحادی افواج کے امریکی کمانڈر جنرل ڈیوس پیٹریاس اور نامزد سربراہ سمیت دو امریکی جرنیلوں نے جمعرات کے روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ساتھ جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے ایک مختصر بیان کے مطابق اس ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کی ملاقات میں جنرل پیٹریاس اکیلے نہیں تھے بلکہ وہ افغانستان میں اتحادی افواج کے نامزد سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جان ایلن کو بھی ساتھ لائے۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کے ان روابط نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اور سردمہری کو قدرے کم کرنے میں مدد دی۔ فریقین کی اب کوشش ہے کہ ایک دوسرے پر دباو ڈالنے کی مزید کوششوں کے بجائے تعلقات کو باہمی تعاون کی راہ پر دوبارہ ڈالنے کی سعی کی جائے۔ اس ذریعے کے مطابق جمعرات کے روز جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات کا مرکزی ایجنڈا بھی یہی تھا۔ دونوں جرنیلوں نے پاک افغان سرحد پر سلامتی کی صورتحال اور قبائلی علاقوں میں پاکستانی فوج کے جاری آپریشنوں پر بھی تبادلہ خیالات کیا۔ سی آئی اے کے نامزد سربراہ کو باور کرایا گیا کہ وہ زمینی حقائق کو سمجھیں اور پاکستان کو درپیش مشکلات کا ادراک کریں‘ بازو مروڑنے کی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد نہیں ہو سکتے۔ اس ذریعے کے مطابق دونوں ملکوں کی فوجی قیادت کے درمیان روابط کو سابق سطح پر لانے پر اتفاق کیا گیا اور اسی تناظر میں امریکہ کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ایڈمرل مائیکل مولن اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان ملاقات بھی متوقع ہے۔ دریں اثناءنجی ٹی کی وی رپورٹ کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی اور جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کی ملاقات میں ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور سکیورٹی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا اور انسداد دہشت گردی کی مہم میں پاک امریکہ افواج کے درمیان مستقبل کے تعاون پر غور کیا گیا۔ دونوں جانب سے خفیہ معلومات کے تبادلے کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ اور اعتماد کی بحالی کے پاک امریکہ روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے سرحد پار سے پاکستانی حدود میں شدت پسندوں کی دراندازی کا معاملہ بھی اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ سرحد پار سے پاکستان میں دراندازی بند کرائی جائے جس پر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے انہیں دراندازی کے واقعات کی روک تھام کی یقین دہانی کرائی۔ ادھر آئی ایس آئی چیف جنرل شجاع پاشا نے اپنے امریکہ کے دورے مےں قائم مقام سی آئی اے چیف مائیکل فورل سے ملاقات کی۔ دونوں نے باہمی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور پاکستان کی فوجی امداد جاری کرنے کے بارے مےں بات چیت کی۔ ملاقات مےں دیگر انٹیلی جنس حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات مےں ڈرون حملوں اور شمسی ایئر بیس پر بھی بات ہوئی۔ دریں اثناءامریکی جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات مےں پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔