لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے پر خصوصی توجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے لیے انقلابی قدم قرار دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کا کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے اور نجی شعبے کو ان میں شامل کرنے کا عزم خوش آئند ہے۔ حکومت کی کوششیں عام آدمی کی پہنچ میں اپنا گھر لائیں گی ‘ رئیل سٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کو بھی مزید استحکام دیں گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تین مرلہ ہاؤسنگ سکیم کے آغاز کو بھی سراہا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے تجویز پیش کی کہ حکومت کو ڈویلپرز اور گھر خریدنے والوں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنانا چاہیے اور جدید اور پائیدار تعمیرات کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا لاہور چیمبر تعمیراتی شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت کو مکمل معاونت فراہم کرنے کو تیار ہے۔
حکومت کی تعمیراتی شعبے پر خصوصی توجہ معیشت کیلئے انقلابی اقدام ہے:لاہور چیمبر
Jan 15, 2025