غیر قانونی تعمیرات روکنے کیلئے نئے رولز متعارف نئی ہائوسنگ سکیم پر کام شروع کردیا
ملتان ( ظفر لون سے) ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں بہتری کے پیش نظر 1989 کے قوانین کو ختم کرکے 2022 کے فریش رولز متعارف کروائے جا رہے ہیں جس کے تحت ڈائریکٹریٹ ، آئی ٹی ون ونڈو ، جی آئی ایس ، ماسٹر پلاننگ نیٹ میپنگ کے جدید طریقہ کار کے ذریعے بلڈنگ کنٹرول پر علیحدہ، علیحدہ چیک اینڈ بیلنس رکھا جا سکے گا۔ ایم ڈی اے کی حدود میں کسی بھی جگہ نئی بلڈنگ یا کمرشل پلازہ کی تعمیر شروع ہوگی اسکی تمام معلومات ایم ڈی اے کو موصول ہو جائے گی جس پر ایم ڈی اے کا متعلقہ شعبہ فوری طور پر اس کا نوٹس لے گا ، اور اس طرح جدید ٹیکنالوجی سے غیر قانونی تعمیرات کو ابتدائی مراحل میں ہی روکنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرز جنرل ایم ڈی اے ملتان قیصر سلیم نے نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 سال کے طویل عرصہ کے بعد بھی ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کوئی نئی ہاؤسنگ سوسائٹی لانچ نہیں کی اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے نئی سوسائٹی کی تعمیر کے لیے پروسس شروع کردیا گیا ہے جلد ہی ایل ڈی اے سٹی ماڈل کی طرزِ پر ایم ڈی اے سٹی ماڈل ہاؤسنگ سکیم متعارف کرائی جائے گی جس کا سروے شروع کردیا گیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ وہاڑی روڈ ، مظفرگڑھ ، دنیا پور روڈ پر 500 ایکڑ سے 1000 ایکڑ تک کا رقبہ ایم ڈی اے کو اپنی ضرورت کی مطابق مل جائے۔ نواز شریف ایگریکلچر یونیورسٹی انتظامیہ نے فری آف کاسٹ پارک کی تعمیر کی یقین دہانی تو کرائی ہے۔ امید ہے ۔اس منصوبے پر جلد ہی کام شروع کردیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوہا مارکیٹ ، ٹمبر مارکیٹ اور غلہ منڈی کی شہر سے باہر منتقلی کے لئے دنیا پور شجاع آباد روڈ پر کیڈٹ کالج کی جگہ کی نشاندہی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح فیز ٹو میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ واٹر سپلائی ، سوئی گیس کو آپریشنل کرنے کے لیے کام جاری ہے جبکہ سٹریٹ لائٹس جلانے کی ہدایات بھی دے دی گئی ہیں۔
ڈی جی ایم ڈی اے