آسام سے راجستھان جانے والی ٹرین حادثے کا شکار 9افراد ہلاک 45زخمی
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں ایک مسافر ٹرین پٹری سے اترگئی جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ بھارتی ریلوے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافر ٹرین کی 12 بوگیاں پٹری سے اتریں جس میں 45 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 9 افراد کی ہلاکتوں کے بعد مزید اموات کا خدشہ ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن مکمل کرکے بوگیوں کو ٹریک سے ہٹاکر اسے کلیئر کردیا گیا ہے جبکہ اس علاقے میں ٹرین سروس بھی بحال کی جاچکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین آسام سے راجستھان جارہی تھی کہ اسے ضلع جل پیگوری میں حادثہ پیش آیا، حادثے کے زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بھارتی وزارت ریلوے نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور مرنے والوں کے ورثا کو مالی امداد دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
بھارت ٹرین حادثہ