کراچی میں بدامنی کے خاتمے کیلئے سیکورٹی اداروں نے حکمت عملی تیار کر لی
کراچی ( نیوز رپورٹر )ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل افتخار حسن چو ہدری کی زیرصدارت ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز(سندھ) میں شہر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ،جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز(ایسٹ، ساتھ، ویسٹ،اسپیشل برانچ، سی آئی اے اور ٹریفک)، پولیس، رینجرزاور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں موجودہ امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کا از سرِ نو جائزہ لیا گیا اور کراچی شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم خصوصا ڈکیتی اور منشیات فروشی کے سدِباب کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر زور دیاگیا اور رینجرز، پولیس اور دیگرلا انفورسمنٹ ایجنسیز کی جانب سے مشترکہ لائحہ عمل منظور کیا گیا۔عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر،مشکوک سر گرمی اور نا خو ش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار،رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔