تعلیم ایک اچھے معاشرے کی تشکیل و تربیت کے لیے ناگزیر ہے، سعدیہ راشد
کراچی (نیوز رپورٹر )ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا اجلاس گزشتہ روزبیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینۃ الحکمہ میں منعقد ہوا، جس کا عنوان ’’عالمی یوم تعلیم اور بچوں کے حکیم محمد سعید‘‘ تھا۔ اجلاس میں ممتازکاروباری شخصیت کمانڈر (ر) محمد ذاکر کو بہ طور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اورہمدرد نونہال اسمبلی کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے اجلاس میں شرکت کی۔محترمہ سعدیہ راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوری کے مہینے سے نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ یہ ماہ ہمارے لیے نئی امنگیں اور امیدیں لے کر آتا ہے۔ ساتھ ہی یہ مہینہ ہمیں ایک ایسی شخصیت کی یاد دلاتا ہے، جس نے تا عمر دلوں اور ذہنوں میں اْمنگوں اور اْمید کی روشنی پھیلائی، وہ شخصیت شہید حکیم محمد سعید کی ہے جنہوں نے ۹ جنوری کو اس دنیا میں آنکھ کھولی۔ اْنہوں نے کہا کہ دنیا بھر میںماہ جنوری میں تعلیم کا دن منایا جاتا ہے۔ تعلیم وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ تعلیم ایک اچھے معاشرے کی تشکیل و تربیت کے لیے ضروری ہے۔ یہی شہید حکیم محمد سعید کا پیغام بھی تھا۔ اْن کی شخصیت کے جو پہلو بہت نمایاں اور اہم تھے، اْن میں تعلیم و تربیت کے فروغ ، اخلاق کی تعمیر اور نونہالوں سے محبت شامل ہیں۔اْنہوں نے مزید کہا کہ افراد ہوں یا اقوام، آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے لیے تعلیم ہوا اور پانی کی طرح ناگزیر ہے۔ آج ترقی یافتہ اقوام کی کامیابی کا راز تعلیم میں پوشیدہ ہے۔ ترقی یافتہ اقوام کی اخلاقی اقدار، اْن کے سماجی شعور اور قانون پسندی کی وجہ اْن معاشروں کا تعلیم یافتہ ہونا ہے۔