انٹرنل کوالٹی اشورنس کے طریقہ کار کو مضبوط بنا یا جائے، ڈاکٹر شائستہ سہیل
اسلام آباد(نا مہ نگار)ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کی کوالٹی اشورنس ایجنسی نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کوالٹی انہانسمنٹ سیلز کے 21سربراہان اور افسران پر مشتمل دوسرے گروپ کے لیے نیشنل یونیورسٹی آٖ ف ماڈرن لینگویجزمیں پراگریس ریویو میٹنگ اور تربیت کا انعقاد کیا۔ پراگریس ریویو میٹنگز اور تربیتی پروگرام اعلٰی تعلیمی اداروں میں معیار ی تعلیم کے کلچرکو فروغ دینے کے لیے کوالٹی اشورنس ایجنسی کی طرف سے شروع کیے جانے والے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ کوالٹی انہانسمنٹ سیلز کے دوسرے گروپ میں اسلام آباد، راوالپنڈی، میانوالی، اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں قائم کوالٹی انہانسمنٹ سیلز کے نمائندگان شامل تھے۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور اعلٰی تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کوالٹی اشورنس ایجنسی اور کوالٹی انہانسمنٹ سیلز کے کردار کو سراہا۔