پوٹھوہارسمیت نئے صوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں،خالد مقبول صدیقی
اسلام آباد(نا مہ نگار) چیئر مین تحریک صوبہ پوٹھوہار راجہ اعجاز کی قیادت میں ایک وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی اور اپنے جدو جہد کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا،یہاں سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں کنوئنیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نہ صرف صوبہ پوٹھوہار بننا چاہیے بلکہ ملک میں جہاں بھی نئے صوبوں کی گنجائش بنتی ہے وہاں نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کا قیام عمل میں لانا چاہیے،یہ وقت کی اہم ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ جب تک اختیارات نیچے تک نہیں جا ئیں گے عام آدمی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔اس موقع پر انہیں نئے صوبہ جات تحریک کا آئندہ ہونیوالے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی جو انہوں نے قبول کر لی۔ملاقات میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوئنیر کنور نوید،وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق،سینیٹر خالدہ عتیق،ایم پی اے محمد حسین،ممبر رابطہ کمیٹی ارشاد ظفر،شکیل احمد اور فرقان بھی شامل تھے۔