پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے گزر رہا‘ صاف پانی بڑا مسئلہ: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے اقوام متحدہ کے پاکستان میں ریزیڈنٹ اینڈ ہومینٹیرین کوآرڈی نیٹر مسٹر جولین ہارنیس نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں اقوام متحدہ ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر آفس کے ہیڈ شاہ ناصر خان، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت ماحولیاتی تبدیلی جودت ایاز اور اقوام متحدہ کی زراعت و خوراک آرگنائزیشن کے نمائندے عامر ارشاد اور ڈاکٹر فزلدانبیل شامل جبکہ ملاقات میں چیئرمین پینل میاں شفیع محمد فہیم خان ایم پی اے سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ لک بھی شریک تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان ماحولیات تبدیلی کے اثرات سے گزر رہا ہے۔ پاکستان سمیت پورے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی بڑا مسئلہ ہے جس کیئے ترجیحی بنیادوں پر فلٹریشن پلانٹ اور صنعتوں کے ضائع شدہ پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جانے چاہئیں۔ حالیہ چند برسوں میں سموگ کی وجہ سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار کیا جانے لگا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سموگ پر قابو پاکر ماحول کو مزید آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر جولین ہارنیس نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم وفاق کے ساتھ قریبی ہم آہنگی رکھے ہوئے ہے اور صوبائی حکومتیں اقوام متحدہ کے پائیدار مشن کی تشکیل شروع کر رہی ہیں۔