حکومت تاجر برادری کے تحفظات دور،کاروباری ماحول ساز گا ر بنائے : نعمان کبیر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول یقینی بنائے تاجر برادری کے حقیقی تحفظات کو دور کیا جائے اور تمام اشیائے خورد و خوردونوش کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ورنہ اس سے عام آدمی کی قوت خرید کم ہو جائے گی جبکہ حکومت کو گرین ہاوس فارمنگ کے آلات، انجینئرنگ سیکٹر کے خام مال وغیرہ پر ٹیکس کے معاملات پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ہی معیشت کو استحکام کی طرف لے جاسکتی ہے، جب سب سے اہم سٹیک ہولڈرز مشاورت کے عمل سے باہر ہوں تو کاروبار دوست پالیسیاں کیسے ممکن بنائی جاسکتی ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ مختلف شعبوں پر تقریباََ 343ارب روپے کے ٹیکس لگ جائیں گے۔ صنعت کے لیے مشینری، خام مال اور دیگر ضروری اشیاء پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ ان سے صنعتی شعبے کے لیے تکنیکی اپ گریڈیشن کرنا مشکل ہو جائے گا۔