ہائیکورٹ: باغبانپورہ پلازہ کا فیصلہ قانون کے مطابق کرنے کا حکم
لاہور(اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائیکورٹ نے باغبانپورہ بازار میں خلاف قانون پلازے کی بیسمنٹ کھدائی کیخلاف درخواست پر کمشنر لاہور کو درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔کمشنر لاہور درخواست گزار کا موقف سن کر درخواست پر فیصلہ کریں۔ جسٹس علی باقر نجفی نے شہری سلمان وحید کی درخواست پر سماعت کی درخواست میں کہا گیا کہ باغبانپورہ بازار حق نواز روڈ چار منزلہ عمارت پر رہائش پذیر ہے میاں امداد سرور وغیرہ متنازعہ جگہ پر کھدائی کرکے تعمیرات کررہے ہیں ملزمان نے اپنی چار مرلہ جگہ میں پانچ فٹ سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے شامل کرلیا۔ درخواست گزار کی چار منزلہ عمارت میں دیوار کے ساتھ کھدائی سے دراڑیں پڑ گئی قانون کے مطابق دیوار سے چار فٹ دور بیسمنٹ کیلئے کھدائی کی جاسکتی ہے۔ ملزمان نے متعلقہ اتھارٹی سے نقشہ منظور کرائے بغیر تعمیرات شروع کر رکھی ہیں۔ کمشنر لاہور اور ضلعی انتظامیہ نے درخواستیں دینے کے باوجود کارروائی نہیں کی ۔غیر قانونی تعمیرات سے فیملی اور دکانداروں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اس امر کا نوٹس لے اور کمشنر لاہور اور ضلعی انتظامیہ کو تعمیرات رکوانے کا حکم دے۔