133کلومیٹر طویل 500کے وی نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کا دوسرا فیز مکمل
لاہور(نیوز رپورٹر) 133کلومیٹر طویل 500کے وی نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کا دوسرا فیز بھی مکمل کر لیا گیا۔ ٹرانسمیشن لائن سے 969میگاواٹ نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ اور 720میگاواٹ کروٹ ہائیڈرو پاور سے بجلی کی ترسیل کی جائیگی ۔ترجمان این ٹی ڈی سی نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن دو مرحلوں میں مکمل کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں نیلم جہلم پاور ہائوس سے ڈومیلی (نزد روات) تک 152 کلومیٹرٹرانسمیشن لائن 2018 میں مکمل کی گئی۔ دونوں مرا حل مکمل ہونے پر ٹرانسمیشن کی کل لمبائی 285کلو میٹر ہوگئی ہے ۔ قبل ازیں 969میگاواٹ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بجلی کی ترسیل 500کے وی گرڈ سٹیشن روات تک ترسیل کی جارہی تھی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سیبجلی کی ترسیل کے علاوہ، این ٹی ڈی سی نے نیلم جہلم تا نوکھر ٹرانسمیشن لائن کے ساتھ لوپنگ کے ذریعے720میگاواٹ کروٹ ہائیڈرو پاور کو بھی منسلک کردیا ہے۔ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ٹیسٹنگ جاری ہے ۔ جس کے مکمل ہوتے ہی جلد 720 میگاواٹ سستی توانائی قومی گرڈ میں شامل کر دی جائے گی۔