پرتشدد قوم پرست تنظیموں پر پابندی کا صائب مطالبہ
پرتشدد قوم پرست گروپوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے: پاکستان، آر ایس ایس سے نمٹنے کا منصوبہ سلامتی کونسل میں پیش، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستانی مندوب کا فوری اقدامات کا مطالبہ
بھارت کی پرتشدد قوم پرست جماعتوں کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں کالعدم قرار دینے کی پاکستانی تجویز بروقت اور حق بجانب ہے۔ عالمی برادری اس معاملے میں پاکستان پر تو گہری تنقید کرتی ہے اور پاکستان کو زیرعتاب رکھنے پر آمادہ رہتی ہے مگر بھارت میں کام کرنے والی شدت پسند قوم پرست جماعت آر ایس ایس اور شیوسینا جیسی بدنام زمانہ غنڈہ تنظیموں کے حوالے سے عالمی برادری کی دوغلی پالیسیاں واضح نظر آتی ہیں۔ داعش اور القاعدہ کی طرح یہ قوم پرست جماعتیں بھی انسانیت سوز واقعات میں ملوث ہیں۔ ان کو حکومت کی بھی سرپرستی حاصل ہے جبکہ پاکستان میں ہر ایسی قوم پرست یا انتہاپسند نظریات رکھنے والی جماعت کو کالعدم قرار دیا جاچکا ہے۔ انکے رہنمائوں کو سزا ہوچکی ہے ان کے اثاثے ضبط ہیں اس لئے اب اقوام متحدہ بھارت اور دیگر ممالک میں بھی ایسی پرتشدد نظریات کی حامل جماعتوں پر پابندی لگانے کیلئے فوری اقدامات کرکے ان ممالک اور خاص طور پر بھارت میں مذہب کے نام پر بے گناہ انسانوں کا قتل عام رکوائے تاکہ بھارت میں آباد مذہبی اقلیتوں پر بہیمانہ مظالم کا راستہ بند ہو اور انہیں آرام و سکون سے محفوظ زندگی بسر کرنے کا موقع ملے۔