راولپنڈی رنگ روڈ پر مارچ تک کام شروع کردیا جائے گا،راجہ بشارت
اڈیالہ( نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے کہا ہے راولپنڈی رنگ روڈ پر مارچ تک کام شروع کردیا جائے گا، پی سی ون کی فزیبلٹی کے لئے چار ماہ قبل پرائیویٹ فرم نے کام شروع کردیا تھا جوکہ امید ہے کہ مارچ میں مکمل ہوجائے گا جس کے ساتھ ہی سائٹ پر کام شروع کردیا جائے گا۔صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، راولپنڈی رنگ روڈ کی زمین کی خریداری کے لئے حکومت پنجاب فنڈز مہیا کرے گی جبکہ روڈ کی کنسٹرکش پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیادپر کی جائے گی، اس مقصد کے لئے چائنیز بینک بھی منصوبے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ نہ صرف راولپنڈی کینٹ اور شہر کی ٹریفک کا بوجھ کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا بلکہ اسلام آباد ایکسپریس وے کے راستے اسلام آبادمیں داخل ہونے والی ٹریفک بھی رنگ روڈ کی طرف موڑ دی جائے گی جس سے دونوں شہروں میں ٹریفک کا بوجھ بڑی حد تک کم ہوجائے گا، یہ منصوبہ راولپنڈی کے لئے بہت اہم ہے ،میرا وزیر اعلیٰ سے اس حوالے سے مسلسل رابطہ رہتا ہے، میری یہ کوشش ہے کہ یہ منصوبہ جلد ازجلد شروع ہو تاکہ عوام کو ٹریفک جام جیسے مسائل سے نجات مل سکے۔