احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)احساس فریم ورک اوراسٹریٹجک تعاون کے تحت ، انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس اسلام آباد میںمنعقد ہواجس کا مقصدپراجیکٹ کی اب تک کی کار کردگی کاجائزہ لینا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے 4 نومبر 2019ء کو احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام آغاز کیا تھا۔ احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروجیکٹ کی نگرانی احساس اسکالرشپ اسٹیئرنگ کمیٹی کررہی ہے ، جس کی صدارت وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے معاشرتی تحفظ اورتخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر، اور چیئرمین ایچ ای سی نے کی132,192انڈرگریجویٹ طلباء (جن میں لڑکیوں کی 49,841 درخواستیں شامل ہیں) نے اسکالرشپ کے لئے آن لائن ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کروائی ہیں جو پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے تحت 24 دسمبر 2019 کو درخواستوں کے لئے باضابطہ طور پر بند ہوگئی تھی ۔ اس اسکالرشپس پروگرام کے تحت ، سرکاری شعبے کی یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ پروگراموں میں تعلیم حاصل کرنے والے کم آمدنی والے خاندانوں کے تمام طلبہ درخواست دینے کے اہل تھے۔ ضرورت پر مبنی میرٹ کے وظائف میں ٹیوشن فیس کے ساتھ گزر بسرکا وظیفہ بھی شامل ہے۔ اجلاس میں مستحق طلبہ سے موصولہ درخواستوں پر کارروائی کے لئے اگلے اقدامات کا خاص طور پر جائزہ لیا گیا۔ اسٹیئرنگ کمیٹی نے وظائف کی تقسیم اور تقسیم کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ درخواستوں کی جانچ یکم جنوری 2020ء سے شروع ہوچکی ہے اورانتخاب کا عمل مارچ 2020 ء کے آخر تک تمام سرکاری شعبوں کی 118 یونیورسٹیوں کے ساتھ مکمل ہوجائے گا۔احساس سکالرشپ پروجیکٹ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ، ڈاکٹر نشتر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ، "حکومت کا پختہ عہد ہے کہ کوئی بھی طالب علم مالی پابندیوں کی وجہ سے اعلی تعلیم سے محروم نہ رہے۔'' انہوں نے کہا ، 29'' اکتوبر ، 2019ء کو وفاقی کابینہ کے منظور کردہ پالیسی رہنما خطوط کے مطابق ، اس بات کویقینی بنایاجائے گا کہ اس اسکالرشپ اسکیم سے لڑکیوں اور اہل طلباء کے ساتھ ساتھ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ان طلباء کو جامع طور پر فائدہ پہنچے جنہوں نے وظیفہ کے لئے درخواست دی۔''چیئرمین ایچ ای سی نے اس بات کا اعادہ کیاکہ مستحق طلبہ کے انتخاب کے عمل کو تیز کیا جائے گا ، اور وظائف کے ایوارڈ میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔ 20 ارب روپے کی لاگت پر مبنی احساس اسکالرشپ پروجیکٹ، بی آئی ایس پی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کا مشترکہ اقدام ہے جس کے تحت اگلے چار سالوں میں پسماندہ خاندانوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے انڈرگریجویٹ طلباء (بشمول50% لڑکیوں) کو ہر سال 000 50,وظائف دیئے جائیں گے۔